عالمی برادی سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن میں فوری معاونت کے خواہاں ہیں، پاکستانی سفیر

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی برادی سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں فوری معاونت کے خواہاں ہیں۔ معروف اینکر ٹام فٹس جیرلڈ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل اپنے پروگرام "آن دی ہل” میں پاکستانی سفیر مسعود خان کے لائیو انٹرویو کے دوران کی گئی۔ٹام فٹس جیرلڈ نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ، تقریبا 1300 افراد جاں بحق جبکہ ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔پاکستان میں ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے میزبان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی تباہ کن سیلاب آتے رہے ہیں لیکن پاکستان میں جو تباہی ہوئی ہے وہ ناقابلِ بیان ہے،معروف امریکی چینل فوکس نیوز نے امریکی فلاحی اداروں اور شہری تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کریں۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب کی تباہ کاریوں کی شدت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ ماضی میں آنے والی قدرتی آفات کے بعد پاکستان میں ایک نظام تشکیل دیا گیا تھا لیکن حالیہ تباہی کا پیمانہ اس قدر بڑا ہے کہ موجود نظام اس کے لئے ناکافی تھا۔سیلاب زدگان کے لئے فوری امدد کی ضروریات کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادی سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں فوری معاونت کے خواہاں ہیں۔ خوراک، پناہ گاہ اور ادویات کی فوری ضرورت ہے۔مسعود خان نے کہا کہ ہمیں انسانی جانیں بچانا ہیں لہذا ہر وہ چیز جو انسانی جان بچا سکے، پناہ گاہ فراہم کر سکے اور بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کر سکے اس کی اشد اور فوری ضرورت ہے۔پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت اور امریکی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے 30 ملین ڈالر کی امداد دی اور اس مشکل وقت پر پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کیا۔فلاحی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ تباہی کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ ہمیں ملک کے اندر بھی اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا اور بین الاقوامی برادری کو بھی زیادہ مدد کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں