لسبیلہ یونیورسٹی گرلز اور بوائز ہاسٹل میں بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں، بی ایس ایف

اوتھل (انتخاب نیوز) لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی، غفلت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ اوتھل زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی کی ناقص کارکردگیوں، غفلتوں سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے، ان کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم کیا گیا ہے، طلبہ کے تدریسی عمل رکنے کے ساتھ ساتھ انہیں شدید مشکلات درپیش ہیں جوکہ یونیورسٹی انتظامیہ پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں طلباءاور طالبات کی رہائش کیلئے ہاسٹلز کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے نام پر فنڈز کو خورد برد کرکے طالبات کیلئے صرف ایک ہاسٹل تعمیر کیا گیا ہے، جہاں بلوچ طالبات کو رہائش کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بہت سی طالبات اوتھل بازار میں کرائے کے کمروں میں رہائش پر مجبور ہیں، اسکے علاوہ بوائز ہاسٹل کو ندی نالوں کے قریب تعمیر کیا گیا ہے لیکن وہاں پانی کی نکاسی کیلئے کوئی خاص انتظامات نہیں کیے گئے، جہاں حالیہ سیلابی ریلے سے ہاسٹلز کے اندر پانی اور کیچڑ جمع ہوئی ہے، کمروں کے پنکھے خراب ہیں اور وہاں شدید بدبو آرہی ہے، ابھی تک ٹرانسپورٹ سسٹم غیر فعال ہے، ہاسٹلز کی صفائی کیلئے ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ ہاسٹلز کے اندر بنا پنکھوں اور صفائی کے انتظامات نہ ہونے پر مچھروں کی بھرمار سے طلبہ بیماری میں مبتلا ہیں۔ اس گمبھیر صورتحال پر انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باوجود نہ صفائی کیلئے اقدام اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی مچھروں کے خاتمے کیلئے اسپرے کیا گیا ہے۔ گرلز ہاسٹل کی بندش سے طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بیان کے آخر میں یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ گرلز ہاسٹل کو طالبات کیلئے فوری طور پر کھول کر ہاسٹل کے میس کو بحال کیا جائے جبکہ بوائز ہاسٹل میں صفائی کا انتظام کرکے انہیں پنکھے اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مچھروں کے خاتمے کیلئے یونیورسٹی احاطے کے اندر اسپرے کیا جائے، ٹرانسپورٹیشن کو بحال کیا جائے تاکہ طلباءو طالبات بنا کوئی پریشانی اپنے تدریسی عمل کو جاری رکھ سکیں، بصورت دیگر شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں