لوکل گورنمنٹ کیس،میرخالد لانگو کے بیان پر جرح مکمل

کوئٹہ:احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگوسمیت دیگر پیش ہوئے سماعت شروع ہوئی تو نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے سابق مشیر خزانہ کے بیان پر جرح مکمل کی بعدازاں گواہ صفائی برائے مشتاق احمدرئیسانی کو 16مارچ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔دریں اثناء گزشتہ روز ممتاز علی خان ودیگر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ملزم محمد یاسین زاہد کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جبکہ دیگر نامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے،سماعت کے دوران ملزم امیر محمدکے 265Kکے تحت بری کرنے کے احکامات دے دئیے گئے۔ریفرنس کی اگلی سماعت16مارچ کو ہوگی۔علاوہ ازیں گزشتہ روز عدالت کے روبرو اسٹاک ایکسچینج کے حصص ودیگر کی مد میں سادہ لوح عوام سے رقوم ہتھیانے کے ریفرنس میں نامزد بابر تحسین ودیگر کے خلاف دائرریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران گواہان استغاثہ عالم الدین،محمد اعجاد سمیع،عبدالمتین اور سدا خان کے بیانات قلم بند کرلئے گئے۔بعدازاں دیگر گواہان کو طلب کرکے سماعت 12مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔مذکورہ ریفرنس میں اب تک 97گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کئے جاچکے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ روز احتساب عدالت کے روبرو محکمہ صنعت وحرفت کے ٹینڈرز ودیگر کی مد میں خوردبرد سے متعلق دائر ریفرنس میں نامزد عدیل انور ودیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران ملزمان برحراست پیش کئے گئے جبکہ ملزم کے وکیل کی جانب سے جزوی طورپرفائنل بحث کی گئی بعدازاں سماعت کو 10مارچ تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔اگلی سماعت پر بھی فائنل بحث کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں