بیلہ، سیلاب اور بارشوں سے اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال، تعلیمی نظام متاثر
بیلا (انتخاب نیوز) سیلاب اور بارشوں سے اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال، تعلیمی نظام بری طرح متاثر، درس وتدریس کے عمل کو جاری رکھنے میں اساتذہ کو دشواریوں کا سامنا، بیلا کے بیشتر سرکاری سکولز کی عمارتیں مخدوش اور بوسیدہ ہیں تفصیل کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے بیلا اوتھل لاکھڑا کنراج سمیت ضلع کے دیگر سرکاری سکولز شدید متاثر ہوئے ہیں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بیلا گورنمنٹ گرلز ہائی بیلا گرلز ہائی اسکول بلوچی گوٹھ بوائز مڈل اسکول بلوچی گوٹھ بوائز مڈل اسکول مدن والا گرلز مڈل اسکول شیخ گوٹھ سنڈیمن گرلز پرائمری اسکول فتو گوٹھ بوائز و گرلز پرائمری اسکول حاجی عبداللہ موندرہ گوٹھ بوائز مڈل اسکول بڑا باغ بوائز پرائمری اسکول کھوسہ کن بوائز پرائمری اسکول وڈیری بھیٹ کی عمارتیں سیلاب اور بارشوں کے سبب مخدوش ہوچکی ہیں جو استعمال کے قابل نہیں رہیں بیلا کے دیگر علاقوں میں بھی سرکاری سکولز میں اسی طرح کی ملتی جلتی صورتحال ہے مخدوش اور بوسیدہ عمارتوں میں درس وتدریس کے عمل کو جاری رکھنے میں اساتذہ اور طلباو طالبات کو شدید مشکلات اور دشواریوں کا سامنا ہے اس گمبھیر صورتحال کے پیش نظر طلبااور طالبات کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے والدین اورعوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبائی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سرکاری اسکولز کی مخدوش عمارتوں کی تعمیر ومرمت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ تعلیمی نظام مزید متاثر نہ ہو اور اساتذہ کو درپیش مشکلات ودشواریوں سے بھی نجات مل سکے۔


