میں مفتاح اسماعیل کے عمل کا ذمہ دار نہیںہوں، شاہد خاقان عباسی
کراچی (انتخاب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میں حکومت میں نہیں ہوں اور نہ میں مفتاح اسماعیل کے عمل کا ذمہ دار ہوں۔کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کوئی تعلق نہیں ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملک میں تیل کی قیمت بڑھے تو مفتاح اسماعیل کی ذمہ داری ہے، پیٹرولیم لیوی پچاس روپے ہونا چاہیے جو اب 35 روپے ہے، تیل کی قیمت کو ڈی ریگولیٹ کر دیں تا کہ مارکیٹ کے حساب سے قیمت کا تعین ہو۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومتی پارٹی کا حصہ ہوں، میں کسی ٹاسک کا حصہ نہیں، انرجی کے 2 وزراءکے ساتھ کام کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج چوتھا سال ہے نیب کا کیس چل رہا ہے، چار سال سے جو لوگ ان عدالتوں میں ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، دس دس بارہ بارہ سال سے لوگ ان عدالتوں میں بیٹھے ان کا کہنا ہے کہ جب تک نیب ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، جہاں ناانصافی بڑھ جائے وہاں ملک نہیں چل سکتا، نیازی اور جاوید اقبال چار سال لوگوں پر الزام لگاتے رہے، جو انصاف کے نظام کا سربراہ رہا ہو اسے اپنے اثاثوں کا جواب دینا ہوگا۔


