لبنان سے یورپ جانیوالی کشتی ڈوبنے سے ہلاکتیں 94 ہوگئیں، 45بچے بھی شامل
دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان سے یورپ جانے والی کشتی شام کے قریب الٹنے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 94افراد ہوگئی جن میں45بچے بھی شامل ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان سے غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی شام کے ساحل پر الٹ گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔کشتی میں تقریبا 150مسافر سوار تھے جو اچھے مستقبل کی خاطر غیر قانونی طور پر یورپ جا رہے تھے۔کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے سمندر سے اب تک 45 بچوں سمیت 94تارکین وطن کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ دیگر کو بچالیا گیا ہے۔ بچ جانے والے افراد میں سے 20اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 3کی حالت تشویشناک ہے۔لبنان میں معاشی حالات کافی خراب ہونے کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ لبنان کی حکومت نے بینکوں سے پیسہ نکلوانے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ لبنان میں معاشی بحران کے باعث بڑی تعداد میں شہری اچھے مستقبل کے لیے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں اور ایسے حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔


