بلوچستان کے 4 اضلاع کی 11 یونین کونسل میں انتخابات کل ہوں گے، الیکشن کمیشن

کوئٹہ (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن بلوچستان کے ترجمان محمد نعیم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے چار اضلاع کی 11 یونین کونسلوں کی 57 وارڈز میں پولنگ کل بروز منگل 27ستمبر 2022 کو ہوگی،پولنگ کاعمل صبح 8بجے شروع ہوکر بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے گا، اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ متعلقہ ریٹرنگ آفسران کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بلوچستان کے جن چار اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں ضلع موسی خیل کی چار یونین کونسلوں کی 28وارڈز، ضلع دکی کی دو یونین کونسلوں کی 6 وارڈز،ضلع مستونگ کی چار یونین کونسلوں کی 22 وارڈز جبکہ لورالائی کی ایک یونین کونسل کی ایک وارڈ میں 27ستمبر 2022کو پولنگ ہوگی اس سلسلے میں تمام حلقوں میں مجموعی طورپر 59 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 34 ہزار 919 ہے جبکہ 59 پریذائیڈنگ آفیسرز، 147اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز اور 147 پولنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔ان حلقوں میں مجموعی طور پر 223 امیدوار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان میں ہونے والے ان انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں پولنگ کے حوالے سے کسی بھی طرح کی شکایت کیلئے درج ذیل نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیںجن میں 051-9204402 -3/051-9210837- 8فیکس نمبر؛ 051-9204404اسی طرح صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اور تمام متعلقہ اضلاع میں کنٹرول روم بھی قائم کردیئے گئے ہیں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر میں قائم ہونے والے کنٹرول روم کا فون نمبر 081۔9201251 اور فیکس نمبر 081۔9202317 ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں