نبی ﷺ نورسحر بن کر طلوع ہوئے، آج کا دن بہت سعادت اور برکتوں والا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (انتخاب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی ﷺ نورسحر بن کر طلوع ہوئے، آج کا دن بہت سعادت اور برکتوں والا ہے۔لاہور میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے محمد مصطفیٰ ﷺ کو انسانیت کی فلاح اور ہدایت کیلئے بھیجا، نبی ﷺکی آمد اس دور میں ہوئی جب ظلمت اور جہالت تھی۔انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نورِ سحر بن کر طلوع ہوئے اور بدحال معاشرے کو نئی زندگی دی۔ حضورﷺ صادق اور امین کے لقب سے جانے جاتے تھے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ مدینہ کی ریاست سیاسی مذہبی آزادی کی مثال تھی، جہاں ناداروں اور بے کسوں کی سرپرستی کی جاتی تھی، مدینہ کی فلاحی ریاست میں کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ اور معاہدہ حدیبیہ تاریخی ثابت ہوئے، انصارِ مدینہ نے مہاجرین کے ساتھ اپنے مال بھی بانٹے۔شہباز شریف نے کہا کہ میرا گھر ریگولرائز ہو جائے، دیگر گھر گرا دیے جائیں کیا یہ ریاستِ مدینہ میں ممکن تھا؟ ریاستِ مدینہ تب ہی بن سکتی ہے جب سیرتِ طیبہ، اصحاب پاک کے نقش قدم پر چلیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کی تقسیم صرف انصاف کی بنیاد پر کی جائے، عوام کو دھوکا دیا جاسکتا ہے لیکن ایک دن اللّٰہ کی بارگاہ میں پیش ہونا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیرت پاک ﷺ کی روشنی میں اخلاقی اقدار پر عمل پیرا ہونا ہی فلاح کا باعث ہے، ریاست مدینہ نے مستحق افراد کے لیے اعلیٰ نمونہ پیش کیا، اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کی شکل میں ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں