امریکا یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیار تیار کررہا ہے،روس کا دعویٰ
ماسکو (ویب ڈیسک) روس نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے پروگرام کی مالی معاونت کررہا ہے۔ ماسکو حکومت کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی کے بعد یوکرین کی لیبارٹریوں میں اس کے شواہد ملے ہیں۔ اس سلسلے میں روس نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ سے اس معاملہ کی تحقیقات کرانے کی درخواست کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کے پاس یوکرین کی سرزمین پر امریکی حیاتیاتی سرگرمیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کی درخواست کرنے کے لیے سلامتی کونسل کے صدر کو شکایت جمع کرانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ اس حوالے سے شکایت کا ایک مسودہ قرار داد پیش کردیا گیا ہے۔
اس کے جواب میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے کا کہنا تھا کہ یوکرین میں حیاتیاتی ہتھیاروں کی مبینہ تیاری میں واشنگٹن کے ملوث ہونے کے الزامات جھوٹ ہیں۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک عالمی وسائل پر اپنا قبضہ کرنے کے لیے یوکرین میں خونی کھیل کھیل رہے ہیں۔ پیوٹن نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کوسب سے خطرناک دہائی کا سامنا ہے۔روسی صدر نے امریکا پر یوکرین کے تنازع کو بھڑکانے کا الزام عائد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بالآخر دنیا کے مستقبل کے بارے میں مغرب کو روس اور دیگر بڑی طاقتوں سے ہی بات کرنی پڑے گی۔عالمی امور پر مغرب کے تسلط کا دور ختم ہونے والا ہے۔ماسکو تنازع کے خاتمے کے لیے تیار ہے، تاہم یوکرینی حکومت مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہے۔


