ایران میں حجاب مخالف مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 326 ہوگئی

تہران(انتخاب نیوز)ایران ہیومن رائٹس نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ ملک میں حجاب مخالف مظاہروں کے دوران حکومتی کریک ڈاو¿ن کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 326 ہوگئی ہے۔ ایران اس وقت ان مظاہروں کی لپیٹ میں ہے جو 16 ستمبر کو مہسا امینی کی موت کے بعد شروع ہوئے تھے۔اوسلو میں قائم ایران ہیومن رائٹس نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ ملک بھر میں جاری مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 43 بچوں اور 25 خواتین سمیت کم از کم 326 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے گروپ کی طرف سے 5 نومبر کو جو اعداد و شمار جاری کیے گئے تھے اس میں 22 ہلاکتوں کا اضافہ شامل ہوچکا ہے۔اس میں پاکستان کے ساتھ ایران کی جنوب مشرقی سرحد پر واقع صوبہ سیستان بلوچستان میں ہلاک ہونے والے کم از کم 123 افراد شامل ہیں، ان میں سے زیادہ تر 30 ستمبر کو اس وقت مارے گئے جب سیکورٹی فورسز نے سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرین پر فائرنگ کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں