ہزارہ باشعور اور مہذب قوم ہے‘ ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی
0 تبصرے
کوئٹہ (آن لائن)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں آباد ہزارہ قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ قوم دنیا میں جہاں کہی آباد ہے وہ اس روز اپنی ثقافت کے دن کے موقع پر ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ اپنی ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرکے ایک متمدن، مہذب اور باشعور قوم ہونے کا اظہار کریں، بیان میں کہا گیا کہ یوم ثقافت کے موقع پر گھریلو خواتین، طلبا، مزدور، محنت کش طبقہ، کاروباری حضرات اور تاجر برادری، سیاسی و سماجی ادارے، تعلیمی ادارے، کھیل و ہنر مند طبقے سے تعلق رکھنے والے، فنون لطیفہ اور ادب کے ماہرین، شعرا اور موسیقار ہر فرد انفرادی اور اجتماعی طور پر ہزارہ یوم ثقافت کو محتاط رہ کر فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے ایسے شان سے منائیں کہ دنیا کے تمام اقوام ہماری اجتماعی قومی شعور پر ہماری تعریف کرنے پر مجبور ہوجائیں بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کے مرکزی کونسل نے سوشل میڈیا اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کی ہے کہ یوم ثقافت ہر فرد اپنے گھروں میں منائیں اور عیدالفطر بھی سادگی اور گھریلو سطح پر مناکر اجتماعات و تقریبات کے انعقاد سے اجتناب کیا جائے اس سلسلے میں عید کے دن فاتحہ خوانی کے پروگرام منعقد نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ پارٹی چئیرمین عبدالخالق ہزارہ کے بڑے بھائی مرحوم عبدالحاشم کیلئے بھی کسی قسم کی فاتحہ خوانی کی تقریب نہیں ہوگی جبکہ شہید چئیرمین حسین علی یوسفی کے مقبرے پر پارٹی کے مرکزی کونسل کا ایک نمائندہ، ضلعی، حلقہ اور بنیادی کونسلوں کے ایک ایک نمائندے اور ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا ایک نمائندہ پھولوں کے چادر چھائیں گے بیان میں کہا گیا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جسکی وجہ سے پوری دنیا میں احتیاط کو ہی راہ حل سمجھا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے سوشل ڈسٹینسنگ کو ضروری سمجھتے ہوئے روز اول سے عوام کو ضروری فاصلے برقرار رکھنے کی تاکید کی ہے بیان میں یوم ثقافت پر پارٹی کارکنوں اور پوری دنیا میں ہزارہ قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ثقافت، امن، رواداری، بھائی چارگی، برداشت اور تحمل کا درس دیتی ہے اور اس دن ہم رواداری کے فروغ کو عملی جامہ پہنا کر دنیا میں اپنے پرامن قوم ہونے کا عملی ثبوت دیں۔