حکومت کیساتھ جنگ بندی ختم، ٹی ٹی پی نے اپنے عسکریت پسندوں کو ملک بھر میں حملے کرنے کی ہدایت کردی
بنوں (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم ٹی ٹی پی کے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی نے جون میں وفاقی حکومت کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی کو ختم کردیا ہے اور اپنے عسکریت پسندوں کو ملک بھر میں حملے کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکومت اور ٹی ٹی پی نے اس سال کے شروع میں افغانستان کے نئے حکمرانوں کی طرف سے امن مذاکرات میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، لیکن مذاکرات میں بہت کم پیش رفت ہوئی اور بار بار خلاف ورزیاں ہوتی رہیں۔ امن معاہدے کی صورت میں ٹی ٹی پی کے ہتھیار ڈالنے کے معاملے پر بھی تعطل پیدا ہو گیا ہے۔ ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ لکی مروت سمیت مختلف علاقوں میں عسکری اداروں کی جانب سے مسلسل آپریشن کیے جارہے ہیں اور اقدامی حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ٹی ٹی پی نے اپنے اراکین کو ہدایت دیں کہ ملک بھر میں جہاں بھی آپ کی رسائی ممکن ہو حملے کریں۔ ٹی ٹی پی کے خط میں پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم نے مسلسل صبر سے کام لیا کہ مذاکراتی عمل ہماری طرف سے سبوتاژ نہ ہو مگر عسکری ادارے ہمارے کیخلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے لہٰذا اب ہماری جانب سے بھی ملک بھر میں حملے کیے جائیں گے۔ اس پیشرفت سے واقف ذرائع نے انکشاف کیا کہ تعطل کو توڑنے کے لیے حالیہ ہفتوں میں دونوں فریقوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔