بلوچستان میں لوڈشیڈنگ دورانیے کو کم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں، ہاشم نوتیزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی میر ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گے اس سلسلے میں وزیراعظم سے بھی ملاقات کی جائیگی،بلوچستان کے زمینداروں کودرپیش مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیسکو آفس کوئٹہ میں کھلی کچہری زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بی این پی پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی،ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری،رکن اسمبلی اخترحسین لانگو،حاجی باسط لہڑی،میر شفقت لانگو،چیئرمین واحد بلوچ، ملک محمدساسولی،یارمحمدمینگل، میر فرحان،ملک محی الدین لہڑی،ڈاکٹرعلی احمدقمبرانی،رضا جان شاہی زئی و دیگر رہنماء بھی موجود تھے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی میر ہاشم نوتیزئی نے کہا کہ بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو کم کرنے کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں بلوچستان کے عوام کو جو مسائل درپیش ہیں ان کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے شہریوں نے وفاقی وزیر مملکت کو بجلی کے حوالے سے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل ہر صورت حل کرینگے، وفاقی وزیرمملکت برائے توانائی میر محمد ہاشم نوتیزئی سے زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی وفد کی قیادت زمیندار ایکشن کمیٹی کے مرکزی چیئرمین ملک نصیر شاہوانی کر رہے تھے وفد میں حاجی عبدالرحمن بازئی و دیگر زمیندار شامل تھے زمینداروں نے صوبے بھر میں کیسکو کی جانب سے بجلی کو ٹو فیز کرنے کے حوالے سے شکایت کی اس کے علاوہ بلوچستان کے زمینداروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر مملکت کو تفصیلی آگاہ کیا گیا، انہوں نے وفد کو یقین دلایا کے زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کرینگے اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو وزیراعظم سے ملاقات کرکے صوبے کے زمینداروں سے مسائل کے حل کیلئے بات کرینگے تاکہ انکو درپیش مسائل حل ہوں۔


