سینٹرل جیل کراچی کے 212قیدیوں اور 8اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق

کراچی:سینٹرل جیل کراچی میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، 212 قیدیوں اور 8 پولیس اہلکاروں میں مرض کی تشخیص ہوگئی، ٹیسٹ کیلئے مزید 700 قیدیوں کے نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے۔سینٹرل جیل کراچی میں گزشتہ روز 50 قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد محکمہ صحت نے بڑے پیمانے پر جیل میں قیدیوں کے ٹیسٹ کئے۔محکمہ صحت کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں 370 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 212 قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے جبکہ 8 پولیس اہلکاروں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔سینٹرل جیل کراچی کی انتظامیہ کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ قیدیوں کو دوسرے قیدیوں سے الگ کرکے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق سینٹرل جیل سے مزید 700 قیدیوں کے نمونے کرونا ٹیسٹ کیلئے لئے گئے ہیں، جن کی رپورٹ آئندہ 24 گھنٹوں میں موصول ہوجائے گی۔کرونا وائرس سے سندھ میں 19 جبکہ ملک بھر میں مزید 51 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 956 ہوگئی، جبکہ 2 ہزار کے قریب نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں