کابل میں چینی سفارتکاروں کے رہائشی ہوٹل پر حملہ
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) کابل پولیس ترجمان خالد زدران نے کہا ہے کہ دوپہر ڈھائی بجے کے قریب کابل شہر کے شہرنو علاقے میں کابل ہوٹل کی عمارت جہاں زیادہ تر عام شہری رہتے ہیں، پر حملہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر وسطی کابل کے شہر نو کے علاقے میں دھماکے نے ہلچل مچا دی۔ مقامی ذرائع نے ایک ہوٹل کے قریب گولیوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ذرائع کے مطابق چینی سفارتکار اور رہائشی اکثر اس مقام سے سفر کرتے ہیں جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ افغان انتظامیہ اور کابل میں چینی سفارت خانے نے اس واقعے کے ردعمل میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تاہم فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک اونچی عمارت کے ایک حصے میں آگ لگ گئی ہے اور وہ دھواں اٹھ رہا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم افغانستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ بم دھماکوں اور شوٹنگ کے حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔


