این ایچ اے کی مجرمانہ غفلت، حب ندی پل 6 ماہ بعد بھی تعمیر نہ ہوسکا، عارضی ناہموار راستے پر حادثات اور ٹریفک جام معمول
حب (نمائندہ انتخاب) این ایچ اے کی سست روی اور مجرمانہ غفلت مہندم حب ندی پل کچے اور ناہموار عارضی متبادل راستہ پھر کسی حادثے اور المیے کا انتظار،حب پل مہندم واقعہ کو 6ماہ مکمل ہو نے والے ہیں لیکن نہ توپل کی تعمیر کا کام شروع ہو سکا اور نہ ہی ندی کے راستے متبادل راستے کیلئے شروع کیا گیا کازوے کا کام مکمل کیا جارہا ہے اور عارضی کچے ناہموار راستے پر آئے روز ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا اس حوالے سے حب کے شہریوں تاجروں ٹرانسپورٹرز اور صنعتکاروں نے وفاقی ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے کردار پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے ان حلقوں کا کہنا ہے کہ حب پل مہندم ہونے کے واقعہ کو6ماہ مکمل ہونے والے ہیں NHAنے صرف کاغذی کاروائی کیلئے حب پل کی ازسر نو تعمیر اور متبادل راستے کیلئے کازوے بنانے کا ٹینڈر کو جاری کر کے کام بھی ایک سرکاری ادارے کے حوالے کردیا لیکن اْسے بھی تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے نہ پل کی تعمیر کا کا شروع کیا جارہاہے اور متبادل راستے کیلئے کازوے کا جو کام شروع کیا گیا وہ بھی ادھورہ چھوڑ دیا گیا ہے جسکی وجہ سے حب شہر کے شہریوں تاجروں اور بالخصوص صنعتکاروں کو کراچی اور حب کے درمیان نہ صرف سفر کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے بلکہ پیدواری مصنوعات اور دیگر سامان کی تر سیلات میں بھی بائی پاس پر سفر کرنے سے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑرہے ہیں گزشتہ 6ماہ سے حب کے شہری اور تاجروں سمیت دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اور حلقے حب انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر سید سمیع اللہ خان کی ذاتی کوششوں سے بنائے گئے عارضی کچے متبادل راستے پر سفر کرنے پر مجبور ہیں جہاں پر آئے روز ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو شدید ذہنی کوفت اور وقت کے ضیاع کا سامنا ہے عارضی کچے متبادل راستہ لائیٹ ٹریفک کیلئے بنایا گیا تھا لیکن سٹی پولیس نے اپنا دھندہ شروع رکھنے کیلئے وہاں سے ہیوی ٹریفک بالخصوص ایرانی تیل کے حصول کیلئے حب آنے والی بڑی گاڑیوں کو بھی گزرنے کی چھوٹ دے رکھی ہے جسکے سبب اس خطرے کو بھی خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے کہ کچے راستے کے دونوں اطراف ندی ہے اور کسی حادثے کے نتیجے میں کوئی بھی سانحہ جنم لے سکتا ہے ایک ماہ قبل بھی اسی کچے ناہموار متبادل راستے پر ایک مسافر بردار کوسٹر اْلٹنے کے حادثے میں دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے حب کے عوامی حلقوں تاجروں اور صنعتکاروں نے وزیر اعظم،ایم این اے اسلم بھوتانی اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا سعد محمود سے حب پل کی تعمیر کا کام جلد شروع کرنے اور متبادل کازوے کے ادھورے کام کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


