ایم کیو ایم کی وفاقی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی دھمکی، ن لیگی رہنما تحفظات دور کرانے کیلئے متحرک
اسلام آباد، کراچی (انتخاب نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے وفاقی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی دھمکی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما نے وفاقی وزیر امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ مسلم لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایم کیو ایم رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو معاہدے پر پیدا ہونے والے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے قائدین سے پیر کے روز مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق ملاقات کریں گے، جس میں حکومت کی جانب سے کیے گئے تحریری معاہدے پر پیشرفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اْدھر رابطہ کمیٹی نے تمام بلدیاتی امیدواران اور علاقائی ذمہ داران کا اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا، جس میں بلدیاتی امیدواروں اور پارٹی کارکنان سے مشاورت کے بعد حکومت کے ساتھ اتحاد کو جاری رکھنے یا علیحدگی کے حوالے سے بات کی جائے گی۔


