گوادر کے عوام کی جمہوری مزاحمتی تحریک برحق ہے، گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، این ڈی ایم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں گوادر کے عوام کی جمہوری مزاحمتی تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر کی گرفتاری کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فی الفور رہائی اور مطالبات پر عملدرآمد کرنیکا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر کے عوام کے برحق مطالبات اور ان کی جمہوری تحریک کو صوبے کے تمام جمہوری، سیاسی پارٹیوں اور عوام کی حمایت حاصل ہے اور یہ کہ جمہوری تحریک گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری ہے جس میں گوادر کے تمام عوام مرد وخواتین شامل ہیں۔ صوبائی حکومت نے مذاکرات میں ان کے تمام مطالبات کو برحق قرار دیتے ہوئے اسے تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہ کرنے سے عوام دوبارہ جمہوری احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں جس کو ریاستی طاقت کے ذریعے خاموش کرنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہے۔ کیونکہ صوبے کے اختیارات حکومت و سول انتظامیہ کے بجائے کسی اور کے پاس ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں عملاً مارشل لا مسلط ہے۔ صوبے کے پشتون بلوچ اقوام و عوام پر صوبائی حکومت اور سول انتظامیہ کے بجائے فورسز اور بیورو کریسی کی غیر آئینی و غیر قانونی بالادستی مسلط ہے اور حکومت و انتظامیہ ان کے احکامات کی ماتحت ہے۔ صوبے کے سیاسی، انتظامی، معاشی امور پر ان کا کنٹرول ہے اور صوبے کی سیاست میں کھلم کھلا مداخلت جاری ہے۔ عوام تمام جمہوری، سیاسی، معاشی حقوق و اختیارات اور وسائل پر اختیار سے محروم ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے طول و عرض میں عوام کا جمہوری احتجاج جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی طاقت اور آمرانہ اقدامات کے ذریعے صوبے کے عوام کی جمہوری آوازوں کو خاموش نہیں کیا جاسکتا کیونکہ صوبے کے باشعور عوام نے اپنی حقوق و اختیارات کا ادراک کرکے اس کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھی ہے اور یہ جمہوری جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمہوری سیاسی پارٹیاں صوبے کے عوام پر آمرانہ قوتوں کی جانب سے مسلط اذیت ناک صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرکے عوام کی جمہوری مزاحمتی تحریکوں کی قیادت کرے۔


