اٹلی کو 30 سال سے مطلوب سسلین مافیا کا مطلوب ترین سرغنہ گرفتار

روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی میں سیکورٹی اداروں نے سسلین مافیا کے مطلوب ترین سرغنہ میٹیو میسینا ڈینارو کو گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اطالوی سیکورٹی اداروں نے سسلی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی کلینک سے میٹیو میسینا کو گرفتار کیا، گرفتاری کے بعد اسے سخت سیکورٹی میں نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔ میٹیو میسینا بدنام زمانہ سسلین مافیا کے بڑے گروہ کا سرغنہ تھا اور وہ اطالوی سیکورٹی اداروں کو گزشتہ 30 سال سے مطلوب تھا، 1992ء میں اس کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا اور عدالت نے متعدد افراد کے قتل کے الزام میں اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ایک مرتبہ میٹیو میسینا نے فخریہ انداز میں کہا تھا کہ میں قبرستان بھر سکتا ہوں۔ مافیا سرغنہ پر متعدد افراد کے قتل کے علاوہ منی لانڈرنگ اور منشیات اسمگلنگ کے الزامات ہیں۔ سالوں تک اطالوی سیکورٹی اداروں کو چکمہ دینے والے مافیہ سرغنہ کی چند پرانی تصاویر ہی سامنے آئی تھیں جب کہ 2012ء سے قبل اس کی آواز بھی ریکارڈ نہیں کی جاسکی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں