قائمہ کمیٹی داخلہ کا ملکی سیکورٹی صورتحال پر اجلاس، اداروں کے سربراہان کی عدم شرکت پر ملتوی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا ملکی سیکیورٹی صورت حال پر ان کیمرہ اجلاس اداروں کے سربراہان کی عدم شرکت پر احتجاجا ملتوی کردیاگیا،اداروں کے سربراہان کی کمیٹی میں غیرحاضری پر کمیٹی نے شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک میں تخریب کاری میں روز اضافہ ہورہاہے جوان جاں بحق ہورہے ہیں مگر اس مسئلے کے حل کے لیے بلائی گئی کمیٹی میں سربراہان شرکت نہیں کررہے ہیں جب تک سیکیورٹی اداروں کے سربراہان اجلاس میں نہیں آئیں گے ان کیمرہ اجلا س نہیں ہوگا،کمیٹی میں آئی جی اسلام آباد اوربلوچستان شریک ہوئے باقی تمام اداروں کے سربراہان نے شرکت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا ان کیمرہ اجلاس چیئرمین احمدحسین ڈہر کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ذرائع نے اس خبر رساں ادارے کو بتایاکہ اجلاس میں ڈی جی رینجرسندھ اور پنجاب،آئی جی ایف سی بلوچستان،آئی جی ایف سی کے پی کے،ڈی جی گلگت بلتستان سکاؤٹ، ڈی جی کوسٹ گارڈ،آئی جی اسلام آباد پولیس،آئی جی پولیس پنجاب، آئی جی پولیس کے پی کے،آئی جی پولیس سندھ،آئی جی پولیس بلوچستان،آئی جی پولیس آزادکشمیر،آئی جی پولیس جی بی،اور چاروں صوبے کے اے آئی جی سی ٹی ڈی کو کمیٹی نے طلب کیا تھا،ذرائع کاکہناتھاکہ ہمارا تمام سیکیورٹی اداروں کو بلانے کامقصد ان کے درمیان رابطے کے لیے نظام واضح کرناتھا اس کے لیے ضروری تھا کہ تمام اداروں کے سربراہان کمیٹی میں موجود ہوتے مگر بدقسمتی سے کمیٹی میں صرف آئی جی بلوچستان ہی شریک ہوئی باقی کوئی آئی جی کمیٹی میں نہیں آیا ملک میں تخریب کاری میں دوبارہ اضافہ ہورہاہے سی ٹی ڈی کے اہلکار جاں بحق ہورہے ہیں کے پی کے میں سی ٹی ڈی سنٹرکو برغمال بنالیاگیاتھا مگر کمیٹی اجلاس میں آئی جی پولیس سمیت دیگر قانون نافذکرنے والے ادارے نہیں آتے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین کمیٹی اور ارکان نے سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کی کمیٹی میں غیرحاضری پر شدید برہمی کااظہارکیا ہے اور انہوں نے کہا کہ جب تک اداروں کے سربراہان کمیٹی میں نہیں آتے ہیں ملکی سیکیورٹی پر کمیٹی کااجلاس نہیں ہوگا جس کے بعد چیئرمین کمیٹی احمد حسین ڈہر نے بریفنگ لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کیمرہ اجلاس ملتوی کردیا اور ہدایت کی کہ جب تک تمام سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کمیٹی میں نہیں آتے یہ ان کیمرہ اجلاس نہیں ہوگا۔


