کوئٹہ، طالبعلم سے بدفعلی کرنیوالا نوجوان گرفتار، دوسرے کی گرفتاری کیلئے چھاپے
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ انڈسٹریل پولیس نے طالب علم کے ساتھ بدفعلی کرنے کے الزام میں نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ لواحقین نے الزام مسترد کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس کے علاقے جتک اسٹاپ کے رہائشی عرفان گل ولد گل محمد نے 21جنوری کو تھانہ انڈسٹریل میں رپورٹ درج کرائی کہ وہ میٹرک کا طالب علم ہے اور اپنی دادی کو عارضہ قلب کے باعث زرغون روڈ پر واقع نجی ہسپتال لے کر آیا تھا پریشانی کی حالت میں کھڑا تھا کہ اسی دوران دو افراد میرے پاس آئے اور پریشانی کی وجہ پوچھی۔ ایک نے اپنا نام حماد علی بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کا نمائندہ ہے اور فلاحی کام کرتا ہے۔ ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور مجھے اپنی موٹرسائیکل پر بٹھا کر ڈبل روڈ پل کے نیچے لے گئے جہاں مجھے دھمکیاں دیں اور میرے ساتھ باری باری بدفعلی کی رپورٹ درج کرکے مجھے انصاف دلایا جائے۔ پولیس نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ میں بدفعلی کی تصدیق ہونے کے بعد مقدمہ درج کرکے میڈیا ایکٹوسٹ حماد علی کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔دوسری جانب لواحقین نے بتایا کہ حماد علی کی پولیس نے 20جنوری کو اغوانما گرفتاری کی جبکہ جھوٹی ایف آئی آر 21جنوری کو درج کی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ حماد علی نے پولیس افسران کی کرپشن کے حوالے سے ایک رپورٹ سوشل میڈیا پر چلائی تھی جس کے بعد اسے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے باوجود بھی حماد علی کو منظرعام پر نہیں لایا جارہا انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان سے حمادعلی کی گرفتاری کا نوٹس لینے اورپولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔