امریکی فضائیہ کے کمانڈر کی ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو سے ملاقات، علاقائی سلامتی پر گفتگو

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نائنتھ ایئر فورس (امریکی ایئر فورس سینٹرل کمانڈ) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الیکسس گرینکیوچ نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی ایئر فورس کے کمانڈر نے گزشتہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے دوران جانی نقصان پر پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کی اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقعہ پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ دونوں تزویراتی شراکت داروں کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سیکورٹی اور جیو پولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن کا بھی ذکرکیا۔ ایئر چیف نے مزیدکہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ دونوں معززین نے دوران ملاقات تربیت اور آپریشنل شعبوں سمیت دو طرفہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں