لال حویلی سیل، میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے، شیخ رشید

راولپنڈی(انتخاب نیوز)متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی راولپنڈی میں آبائی رہائشگاہ لال حویلی کو سیل کر دیا ، محکمہ متروکہ وقف املاک نے علی الصبح ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی۔ایڈمنسٹریٹر محکمہ متروکہ وقف املاک آصف محمود نے بتایا کہ محکمہ نے راولپنڈی میں شیخ رشید کی لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا ہے جبکہ لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کے لیے حکام کو لکھ دیا ہے، رجسٹری تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔آصف محمود نے کہا کہ لال حویلی سرکاری اراضی ہے جس پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا ۔لال حویلی سیل کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ محکمہ اوقاف نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر سرکاری تالے لگا کر سیل کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے، حکومت چاہتی ہے یہاں لڑائی ہو ، آنسو گیس چلے اور مقابلہ ہو۔انہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح سویرے پونے چار بجے لال حویلی کو سیل کرنے کی کارروائی کی گئی ، سیل کرنے سے قبل انہیں کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا ، اگر یہ غیر قانونی قبضہ ہے تو عدالت جائیں، ہمارے خلاف کیس کریں اور مجھے نااہل قرار دیں۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ نے لال حویلی کو مکمل طور پر سیل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں حویلی میں موجود نہیں تھا، اسلام آباد میں تھا، یہ رات میں مجھے گرفتار کرنا چاہتے تھے، میں ادھر ادھر ہو گیا۔انہوںنے کہا کہ یہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، انہوں نے بہانہ بنا کر لال حویلی کو سیل کیا ہے، اگر لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت نہیں تو ہمیں چوک پر لٹکا دیا جائے، یہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی توجہ ہٹائی جائے، یہ اب بدمعاشی پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے گردونواح میں 19 مزید لوگ ہیں ایک پورشن ہمارے پاس ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت چاہتی ہے یہاں لڑائی ہو ، آنسو گیس چلے اور مقابلہ ہو، میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں