سعودی عرب،عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر پابندی برقرار

ریاض:کورونا وائرس کی وبا کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے عمرہ کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ جس کے باعث لاکھوں فرزندان توحید دْکھ کی کیفیت میں ہیں، اور شدت سے منتظر ہیں کہ کب دوبارہ سے عمرہ زائرین کو مملکت میں داخلے کی اجازت مل جائے، اور انہیں حجاز مقدس کی سرزمین پر آنے کی بابرکت سعادت حاصل ہو جائے۔تاہم اب سے تھوڑی دیر قبل سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کے خواہش مندوں کو بْری خبر سْنا دی گئی ہے جس کے باعث ان کا اگلا چند مہینوں میں عمرہ اور طواف کعبہ کی خواہش پْوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی حکومت کی جانب سے فی الحال عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر عائد پابندی نہیں ہٹائی جا رہی۔وزارت مذہبی امور کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی دانش مند قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آ جاتے، عمرہ اور مقامات مقدسہ کی زیارت پر عائد حالیہ پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ کورونا وبا کی صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل میں بھی وقتاً فوقتاً پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاتی رہے گی۔


