پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ’ٹاپ 20‘ ممالک میں شامل

کراچی:کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر میں کم تر شرحِ اموات اور اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہوجانے والوں کی ایک بڑی تعداد کے تناظر میں دنیا بھر کے 210 سے زائد ممالک میں پاکستان کا 19 واں نمبر ہے۔تفصیلات کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2076 نئے کیسز کے ساتھ، پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کْل تعداد 61226 ہوچکی ہے البتہ پاکستان میں اب تک کیے گئے 508086 کورونا ٹیسٹوں کے مقابلے میں یہ تعداد صرف 12 فیصد بنتی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 20231 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ وطنِ عزیز میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی شرح 33 فیصد ہے جو ایک حوصلہ افزاء امر ہے۔آبادی کے تناظر میں دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے متاثرہ پاکستانیوں کی شرح 0.0278 فیصد (یعنی دس لاکھ میں سے 278) ہے جو عالمی اوسط (745 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے۔ پاکستان کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے جائزہ لیں تو کورونا وائرس کے ہاتھو لقمہ اجل بننے والوں کا تناسب 0.0006 فیصد (دس لاکھ میں سے صرف 6) ہے۔ یہ بھی عالمی اوسط (45.9 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے،ان تمام نکات کی بنیاد پر پاکستان اْن 20 ملکوں میں شامل ہے جو کورونا وائرس کے خلاف بہت مؤثر انداز میں کامیاب ہورہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں