کوئلہ کانوں کیلئے قائم کمیٹی دکی پہنچ گئی، حفاظتی اقدامات نہ کرنے والی متعدد کانیں بند
کوئٹہ (آن لائن) سیکرٹری مائینز سیدال خان لونی اور چیف انسپکٹر آف مائینز بلوچستان عبدلغی بلوچ کی ہدایت پر کوئلہ کانوں کے معائنہ کے لئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی انجینئر محمد ذیشان کی سربراہی میں دکی پہنچ گئی ۔ اس موقع پر کمیٹی کے ممبر مائنز ریسکیو انسٹرکٹر سنجدی انجینئر صابر شاہ کاکڑ مائنز ریسکیو انسٹرکٹر محمد اسامہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ دکی پہنچنے پر مائنز انسپکٹر دکی مقصود احمد حسنی نے کمیٹی کو دکی کی کوئلہ کانوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے کوئلہ کانوں کا معائنہ کرکے خطرناک کوئلہ کانوں کو فوری طور پر بند کیا۔ اس موقع پر کوئلہ کانوں میں پائی جانے والی شدید نوعیت کی کوتا ہیوں کی نشاندہی پرکان مالکان کو نوٹسز بھی جاری کرکے ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنے کوئلہ کانوں اور کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کانکنوں کی حفاظت کے لیے بہترین اقدامات اٹھائیں تاکہ یہ اقدامات آ ئے روز پیش آ نے والے حادثات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوسکیں۔ اس موقع پر کوئلہ کان پر موجود کانکنوں اور کوئلہ کان مالکان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی انجینئر محمد ذیشان نے کہا کہ کوئلہ انڈسٹری کو چلانے کے لیئے ضروری ہے کہ ہم مائنز ایکٹ 1923 اور کول مائینز ریگولیشن 1926پر عملدرآمد کریں۔اس موقع پر کوئلہ کان مالکان اور کانکنوں نے کمیٹی کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کانکنوں نے سیکرٹری مائنز سیدال خان لونی اور چیف انسپکٹر مائنز بلوچستان عبدلغی بلوچ کا شکریہ ادا کیا کہ انکی خصوصی دلچسپی کوئلہ کانوں سے وابسطہ کانکنوں اور انکے خاندانوں کے لیئے نہایت ہی احسن اقدام ہے۔


