کورونا نے پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، ایک ہی روز میں ریکارڈ 57 ہلاکتیں

لاہور: عوام کی جانب سے بے احتیاطی کے باعث کورونا وائرس نے ایک بار پھر اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ ملک بھر میں ایک ہی دن میں 57 افراد کی ہلاکتوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے کی وجہ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 64 ہزار 28 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک 520017 کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11931 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2636 میں کورونا وائرس کی شناخت ہوئی جبکہ 57 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اس وقت صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں اس وقت 25309 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ پنجاب میں 22964، اسلام آباد 2100، صوبہ بلوچستان 3928، خیبر پختونخوا 8842، آزاد جموں وکشمیر 227 جبکہ گلگت بلتستان کے 658 شہری اس مرض میں مبتلا ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق آزاد جموں وکشمیر 5، بلوچستان 43، گلگت بلتستان 9، اسلام آباد 22، خیبر پختونخوا 432، صوبہ پنجاب 410 اور سندھ کے 396 شہری کورونا وائرس کی وجہ سے موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

اس مرض سے صحتیاب ہونے والوں میں سندھ 11190، پنجاب 6338، خیبر پختونخوا 2693، اسلام آباد 161، گلگت بلتستان 470 اور آزاد جموں وکشمیر کے 99 شہری شامل ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ اپنے عزیز واقارب اور رشتہ داروں کی زندگیوں کو بھی اس موذی خطرے سے بچا سکتے ہیں تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث ان ایس او پیز پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں