خضدار میں امن و امان کی مخدوش صورتحال سے خوف کا ماحول پروان چڑھ رہا ہے، آل پارٹیز
خضدار : آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ و دیگر ممبران نے خضدار میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند عرصے سے بد امنی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے عام شہری و کاروباری حلقے شدید متاثر و خوف و ہراس میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ ادارے مسلسل غیر سنجیدگی و عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے خوف کا ماحول پروان چڑھ رہا ہے اور بے یقینی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و دیگر رہنماﺅں نے خضدار میں پولیس فورس کے جوانوں کو نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیئے پولیس و لیویز فورس کے جوانوں و عام شہریوں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں بد امنی کے واقعات کی روک تھام کے لیئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔


