حضرت عمر بن عبدالعزیز رح کے مزار کی توہین کی مزمت

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے اہل سنت سے وابستہ مقدس مکانات خاص کر حضرت عمر بن عبدالعزیز رح کے مزار کی توہین اور تباہی اور اس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ملوث ہونے کی من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اسلام آباد میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاشبہ اس طرح کے جعلی خبروں کی اشاعت اسلامی مسالک کے پیروکاروں میں تفریق پیدا کرنے، عوامی جذبات کو اکسانے اور مسلمانوں کے احساسات کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش ہے اور یہ صرف بین الاقوامی صہیونیت اور اسلام دشمن قوتوں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدس مکانات کی تباہی اور مسلمانوں سے تعلق رکھنے والے مقبروں کی بے حرمتی کا اسلام ہرگز اجازت نہیں دیتا اور اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد یقینا الہامی مذاہب کو نہیں سمجھتے ہیں اور ان کو اللہ رب العزت کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔بیان میں صحافیوں اور میڈیا والوں سے اس خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے میڈیا مشن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سازشوں کی اصل کڑیوں کو بے نقاب کرنے اور کسی بھی طرح کے افواہوں اور من گھڑت خبروں کی اشاعت کا حصہ نہ بننے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں