روسی صدر کا خاتون دوست کے ساتھ خفیہ طور پر رہنے کا انکشاف
ماسکو : روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ خفیہ طور پر اپنی دیرینہ دوست اور سابق جمناسٹ الینا کبایوا کے ساتھ ایک بڑے اور قیمتی محل میں رہ رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ محل دارالحکومت ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ کے درمیان واقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق 70 سالہ ویلادیمیر پیوٹن اور 39 سالہ الینا کبایوا کے درمیان 2000ءسے تعلقات قائم ہیں اور روسی صدر نے اپنی اہلیہ سے طلاق کے بعد اپنی دوست کو 120 ملین ڈالر کی جائیداد بھی خرید کر دی تھی۔تحقیقات کے مطابق اس قیمتی اور بڑے محل میں روسی صدر اور ان کی دوست کے 3 بچے بھی رہائش پذیر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق روسی صدر کی دوست کے اہلخانہ کے نام پر بھی کئی جائیدادیں موجود ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ روسی صدر اس محل میں اپنی دوست اور بچوں سے ملنے کے لیے ماسکو سے 250 میل شمال مشرق میں ایک بکتر بند ٹرین میں سفر کرتے ہیں جو دارالحکومت کے ایک خفیہ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطا بق یہی راستہ ویلادیمیر پیوٹن کی دوست الینا کبایوا کے اسسٹنٹس بھی استعمال کرتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی صدر اپنی شادی کے دوران ہی الینا کبایوا کے ساتھ دوستی قائم کرچکے تھے۔


