امن کے قیام کے خاطر جان دینا سرمایہ افتخار ہے، لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آئی جی بلوچستان
کوئٹہ: بلوچستان پولیس میں اپنے فرائض منصبی کو تندہی سے ادا کرکے ریٹائر ہونے والے اہلکار ہمارا سرمایہ ہیں۔ پولیس فورس کے اہلکار ریٹائرڈ ہو جاتے ہیں مگر ان کا رشتہ فورس کے ساتھ کبھی نہیں ٹوٹتا۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے آج یہاں آئی جی آفس کوئٹہ میں ریٹائر ہونے والے افسران و اہلکاران کے اعزاز میں الوداعی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کی بہبود کیلئے مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس میں تعلیم سے لے کر صحت اور دیگر ضروریا ت زندگی میں ان کیلئے آسانیاں پیداکرنے کی کوشش کررہے ہیں ریٹائر ملازمین کیلئے سی پی او کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے ان کو سہولیات اور آسا نیاں فراہم کرنے کے لئے تمام ماتحتوں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ حتیَ الامکان آسانیاں فراہم کی جائیں۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے سانحہ سبی میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی درجات کی بلندی کی دعا بھی کی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خصوصی دعا کی گئی۔آئی جی بلوچستان نے اس امر کا اظہار کیا کہ آج کا سانحہ بہت بڑا ہے پوری فورس غمگین ہے تاہم زندگی تو رواں رہنے کا نام ہے اور پولیس کا کا م ایسا ہے کہ ہر قسم کے حالات میں اپنے حلف کی پاسداری کرنی ہوتی ہے امن کے قیام کی خاطر جان دینا بے شک سرمایہ افتخار ہے لیکن ہمارے جانثاروں کے لواحقین کبھی تنہا نہیں ہونگے۔ فورس کمانڈر نے دوران گفتگو بتایا کہ جانثار پیکج پر حکومت بلوچستان کے ساتھ بات چیت آخری مراحل میں ہے حکومت کو اس بات پر قائل کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں کہ بلوچستان پولیس جانثار پیکج کو صوبہ خیبر پختونخوا کے برابر کیا جائے جس سے اب ایک جانثار کانسٹیبل کے خاندان 40لاکھ کی بجائے تقریباً ایک کروڑ روپے تک کا حقدار قرار پاسکے گا، شرکاءکی جانب سے پیش کی جانے والی مزید تجاویز کے حوالے سے آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ حاضر سروس اور ریٹائر ڈ ملازمین کے بچوں کے تعلیمی اخراجات محکمہ پولیس اپنے ویلفیئر فنڈ سے برداشت کررہی ہے اور حال ہی میں پولیس اہلکاروں کے بچوں کو کیڈٹ کالج ٹیسٹ انٹری امتحان کیلئے تیا رکیا گیا اور یہ خطیر رقم ان کی ٹیوشن فیس پر خرچ کی جاچکی ہے ایک سوال کے جواب میں آئی جی پولیس نے بتا یا کہ تقریبا ً 13کے قریب بچوں کو کیڈٹ کالجز میں داخلہ حتمی مراحل میں ہے انہو ں نے مزید اس بات پر زور دیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے اپنے گھر کے خواب کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا جس میں آسان اقساط پر ہاﺅس بلڈنگ اسکیم پولیس ویلفیئر کی جانب سے شروع کیے جائیں گے۔ مذکورہ اسکیم کا خاکہ جلد تیار کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان نے اے آئی جی ویلفیئر کو احکامات دیں کہ جلد ریٹائرڈ ملازمین کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ ان کی تجاویز پر مفصل انداز میں بحث ہوسکے اور ایک قابل لائحہ عمل کے ذریعے ان کو درپیش مشکلات کا ازالہ مکمن ہوسکے۔


