لکی مروت،سیمنٹ فیکٹری کے قریب مسلح افراد کے حملے میں ایک نوجوان سمیت دو افراد زخمی

سرائے نورنگ(صباح نیوز)ضلع لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں سیمنٹ فیکٹری کے قریب مسلح افراد کے حملے میں ایک نوجوان سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور ملک ایاز اور ان کے رشتہ داروں کو گولیاں مارنے کے بعد فرار ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے متاثرین پر پتھرا بھی کیا۔ حملے میں زخمی ہونے والے ملک ایاز نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی فرید اللہ خان اور بھتیجے ہارون(18سال) کے ہمراہ سیمنٹ فیکٹری کے قریب ٹرک اڈے پر موجود تھے کہ اچانک وہاں ملزمان حسین اللہ، اجمل، ابوذر، امجد اور حمزہ آگئے،حسین اللہ اور امجد نے اپنے پستول سے فائرنگ کی جبکہ اجمل، ابوذر اور حمزہ نے پتھروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ اور ہارون گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جب کہ فرید اللہ محفوظ رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور حملہ آوروں کا تعلق ضلع شمالی وزیرستان سے ہے اور ان کا ٹرانسپورٹ سے متعلق تنازعہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو تتر خیل ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آوروں کے خلاف تھانہ شہید ہیبت علی خان میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں