فرانسیسی پارلیمنٹ میں پنشن کے متنازع بل پر حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد
پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک ) فرانسیسی پارلیمنٹ نے ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سے 64 بڑھانے والے متنازع بل پر حکومت کے خلاف پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد مسترد کر دی۔ گزشتہ ہفتے فرانسیسی وزیر اعظم ایلزبتھ بورن نے آئین کے آرٹیکل 49.3 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک حکم نامے کے ذریعے متنازع پنشن اصلاحات کا بل نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ملک بھراحتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ بعد ازاں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ایوان زیریں میں بحث کے بغیر ہی متنازع پنشن اصلاحات بل لاگو کرنے باعث ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد پیش کی گئی۔ فرانسیسی حزب اختلاف نے بحرانی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرواتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریٹائرمنٹ کے عمر 62 سے 64 سال کرنے والا متنازع قانون منسوخ کر دیا جائے گا۔


