روس کا ایرانی ساختہ ڈرون سے کیف پر حملہ ،9افراد ہلاک

کیف(صباح نیوز) روس کے یوکرین پر میزائل حملوں میں 9 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف پر 21 ایرانی ساختہ ڈرون سے حملہ کیا جن میں سے 16 ڈرون کو مار گرایا گیا۔ غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ روس نے رات گئے فضائی حملوں سے یوکرین کو نشانہ بنایا، ہلاک افراد میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔برطانیہ نے یوکرین کو یورینیم پر مشتمل گولہ بارود دینے کا منصوبہ بنا لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے یوکرین کوگولہ بارود دینے کے منصوبے پر روس کا ردعمل سامنے آیا ہے جس میں روس نے خبردار کیا ہے کہ برطانوی اقدام مزید کشیدگی کا سبب بنے گا، اس سے پہلے صدرپیوٹن بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم برطانوی اقدام کاجواب دینے پر مجبورہوں گے۔ دوسری جانب امریکا نے روسی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی اسلحہ تابکار نہیں، اس کا ایٹمی ہتھیاروں سے دور دورکا تعلق نہیں۔ امریکا کا کہنا تھا کہ یہ روایتی ٹینک شکن اسلحہ ہے، روس کواتنی ہی فکر ہے تو اپنی سرحدوں میں واپس چلاجائے۔امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روس کو دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے جنگی جرائم اور مظالم کرنے کی وجہ سے مختلف پابندیوں کے متبادل ہمارے پاس موجود ہیں،بلنکن نے ان خیالات کا اظہار وزارت کے 2024کے بجٹ پر سینیٹ کی تخصیصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے امور خارجہ، غیر ملکی آپریشنز، اور متعلقہ پروگراموں میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا، بلنکن نے کہا کہ وہ روس کے خلاف مختلف قسم کی پابندیوں پر غور کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ روس کے جنگی جرائم اور مظالم کرنے کی وجہ سے مختلف پابندیوں کے متبادل ہمارے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کو دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے سے جو پابندیاں عائد ہوں نے اس سے ناپسندیدہ نتائج برآمد ہوسکتے ہیں،امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو کے خلاف ہر معقول قدم اٹھایا جائے گا، بلنکن نے کہا کہ ہمیں روس کے دہشت گردی کی حمایت کرنے والی ریاستوں کی فہرست میں شامل کرنے کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ بھی بہترین نتائج حاصل کرنے کے دیگر طریقہ جات بھی موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں