کورونا وائرس کی وباء کے خلاف تین قوتیں حکومت،توہم پرستی اورجہالت مدمقابل ہیں،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑنے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کے خلاف تین قوتیں حکومت،توہم پرستی اورجہالت مدمقابل ہیں تینوں نے ملکر ملک بھر میں کورونا کا تدار ک کرنے کی بجائے اسے مزید پھیلادیا ہے حکومت سنجیدگی اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام میں شعور و آگاہی پھیلائے بصورت دیگر کورونا وائرس سے ہم سب کو شدید نقصان پہنچے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو لوگوں نے آگاہی نہ ہونے اور جہالت کی وجہ سے ایک سازش قراردیاپھر میدان میں جعلی پیر اور جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والے کود پڑے اور آخر میں رہی سہی کسر حکومت نے خود لاک ڈاون ختم کرکے پوری کردی ہے اب دن میں سینکڑوں لوگ متاثر اور درجنوں جاں بحق ہورہے ہیںاور یہ وائرس ہمارے معاشرے میں اس حد تک پھیل چکا ہے کہ اب اسکی روک تھام کیلئے مربوط اقدامات نہ کئے گئے تو شاید ہم کئی سالوں تک اس سے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومت دونوں کوسنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس وباء کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ کورونا وائرس کے تدارک کیلئے مربوط اقدامات کرے ایسا نہ ہوکہ ہم صورتحا ل اپنے ہاتھوں سے مزید ابتر کردیںاور کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں