عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو مذاکرات کے سہارے بچانے کی کوشش حیران کن ہے، ترجمان جے یو آئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جمیعت علما اسلام (ف)کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں ۔ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو مذاکرات کے سہارے بچانے کی کوشش حیران کن ہے۔ مذاکرات کے خوشنما نام کے پیچھے چھپی تباہی کا اندازہ کسی کو نہیں ۔ان خیالات کااظہار اسلم غوری نے جمعرات کے روز جاری اپنے بیان میں کیا۔اسلم غوری کا کہنا تھا کہ نیازی کے حوالے سے جے یو آئی نے ہر موقع پر جو رائے دی ،حالات نے اسے درست ثابت کیا ۔2013 میں صوبہ کے پی میں حکومت سازی کے موقع پر بات مان لی جاتی تو آج یہ نوبت نہ آتی ۔ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے مئوقف کو 2018 میں تسلیم کرلیا جاتا تو نیازی آج اتنا خود سر نہ ہوتا ۔ آج بھی کہتے ہیں کہ مذاکرات کے جھانسے میں نہ آئیں ،پھر پچھتانا پڑے گا ۔سیاسی قوتوں سے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا ،لیکن کیا پی ٹی آئی واقعی ایک سیاسی جماعت ہے ؟ پی ٹی آئی بیرونی طاقتوں کا مہرہ ہے ، پہلے کی طرح آئندہ بھی تباہی کے سوا کچھ نہیں دے سکتی ۔اسلم غوری کا کہنا تھا کہ کیا سیاسی جماعتیں عدالتی فیصلوں سے ہونے والے نقصانات بھول گئیں ہیں ؟ سیاسی مارشل لا لگانے والوں کی باقیات سے بھی نفرت کا اظہار کرتے ہیں ،کیا ان کو عدالتی مارشل لاں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ نہیں ؟ ۔ZS


