بشریٰ بی بی نے الزام تراشی پر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الزام تراشی پر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ تحریک انصاف کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے مریم نوازکو قانونی نوٹس فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں مریم نواز سے7 روز میں بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق مریم نواز نے یکم مئی کو لاہور میں بشریٰ بی بی کیخلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی، بیان واپس نہ لینے پر مریم نواز کیخلاف ضابطہ فوجداری اور ہتکِ عزت کی کارروائی ہوگی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود اور باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز بشریٰ بی بی اور ان کے اہلِ خانہ کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہیں۔ مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریرکا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں