15 سال سے کم عمر بچے والدین کی منظوری کے بغیر سوشل میڈیا استعمال نہیں کرسکیں گے، فرانس میں بل منظور
پیرس : فرانس میںسینیٹ نے 15سال سے کم عمر کے صارفین کو والدین کی رضامندی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو رجسٹر کرنے اور استعمال کرنے سے متعلق بل منظور کرلیا ہے،سینیٹ نے اس بل پر بحث کی جس کا مقصد سوشل میڈیا پر نفرت کو ختم کرنا ہے،اجلاس میں منظور کیے گئے بل کے تحت 15سال سے کم عمر کے بچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رجسٹر کرنے کے لیے اپنے والدین سے اجازت لینا ہوگی،منظور کردہ بل کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو صارفین کی عمر اور نابالغوں کو ان کے والدین سے اجازت حاصل کرنے کی تصدیق کے لیے ایک نظام استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی،بل کی رو سے پلیٹ فارم قواعد کی تعمیل نہ کرنے والوں پر دنیا بھر میں کاروبار کے ایک فیصد تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے،بل میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غنڈہ گردی کے خلاف روک تھام سے متعلق پیغامات کو بھی جگہ دی جائے گی،والدین اپنے 15سالہ بچوں کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کو معطل کرنے کے لیے پلیٹ فارم سے درخواست کر سکیں گے،اس سے قبل پارلیمنٹ میں منظور کیے گئے بل پر 14ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل مشترکہ کمیشن میں زیر بحث لایا جائے گا،نیشنل کمیشن آن انفارمیشن اینڈ فریڈمز (سی این آئی ایل)کے مطابق فرانس میں 10-14سال کی عمر کے 82فیصد بچے والدین کی رضامندی کے بغیر انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں،2021میں سی این آئی ایلکی تحقیق کے مطابق، ملک میں پہلی بار سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے سائن اپ کرنے کی عمر گھٹ کر 8سال رہ گئی ہے۔