ہوشیار رہیے، جون میں خوفناک زلزلے کی پیشگوئی

برلن : ڈچ سیسمولوجسٹ فرینک ہوگریبٹس ایک بار پھر خوفناک انتباہ کے ساتھ سامنے آئے ہیں، اس بار انہوں نے جون کے پہلے ہفتے کے دوران ایک شدید زلزلے کے بارے میں خبردار کیا ہے جسے انہوں نے زبردست قرار دیا ہے۔ متنازع سائنسدان نے اس کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر کیا اور لکھا کہ جون کے پہلے ہفتے میں زبردست شدت کے زلزلے کی وارننگ، زیادہ ہوشیار رہیں۔ اپنی بات کی تائید میں فرینک نے اہم سیاروں کی پوزیشن کا حوالہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 اپریل سے زمین، مریخ اور یورینس کے درمیان قربت اور پورا چاند بہت نازک صورتحال ہے اور اس کے نتیجے میں بہت بڑا زلزلہ آسکتا ہے۔ تاہم فرنیک کا کہنا ہے کہ یہ زمین کی پرت اور اس پر دبا کی شدت پر منحصر ہے۔ ہوگریبٹس کی بار بار وارننگ نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، خاص طور پر اس کیلئے کہ انہوں نے حالیہ عرصے میں آنے والے کئی زلزلوں یا جھٹکوں کی پیش گوئی کی تھی۔ ان میں سب سے اہم ان کی 6 فروری کو ترکی کی سرزمین پر آنیوالے تباہ کن زلزلے کی پیشی گوئی تھی جس میں 50 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی اور بے گھر ہوئے تھے۔ ہوگریبٹس نے اس سے تین دن قبل پیشگوئی کی تھی کہ ان علاقوں میں شدید زلزلہ آئے گا۔ ماہرین زلزلہ اور ماہرین ارضیات، ہوگریبٹس کے نظریات کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ بہت سے ماہرین اور مطالعات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ زلزلوں کی تاریخ کی قبل از وقت پیشی گوئی نہیں کی جا سکتی۔ ہوگریبٹس اپنے نظریات پر قائم ہیں اور سیاروں کی حرکت، ان کے قربت اور زمین پر ان کے اثرات کی وجہ سے آنیوالی تبدیلیوں اور زلزلہ کی سرگرمیوں کے بارے میں مزید پیش گوئیاں کرتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں