وزیر اعلی کی زیر صدارت بجٹ کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں کی پیش رفت فنڈز کے اجرا اور اور اب تک ہونے والے اخراجات کے ساتھ ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق امور کا جائیزہ لیتے ہوئے بعض اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزرا سردار یار محمد رند، نوابزادہ طارق خان مگسی، میر اسد بلوچ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، سردار عبدالرحمن کھیتران، چیف سیکریٹری فضیل اصغر نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالرحمن بزدار اور سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ نے اجلاس کو جاری منصوبوں کی پیش رفت فنڈز کے اجرا و اخراجات اور مالی امور کے علاوہ نئے مالی سال کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے خدوخال اور مجوزہ حجم کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک ترقیاتی مد میں 76 ارب روپے کا اجرا کیا گیا ہے جو گزشتہ برسوں کے مقابلے سب سے زیادہ ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ پلاننگ کمیشن کی گائیڈ لائن کے مطابق محکموں نے آئندہ مالی سال کے لئے نئے تجویز کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تصواراتی دستاویزات محکمہ منصوبہ بندی کو فراہم کر دی ہیں جن پر ابتدائی کاروائی کی جارہی ہے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مالی سال میں بھی غیر ترقیاتی فنڈز کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے ترقیاتی مد میں زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے، تمام محکمے قواعد کے مطابق اپنے ترقیاتی منصوبوں کی اونر شپ لیں گے جاری منصوبوں کے لئے فنڈز ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی ڈویژنل کمشنروں اور وزیراعلی معائنہ ٹیم کی سفارشات کے مطابق مختص کئے جائیں گے جنہیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کے جائزہ کی ذمہ داری دی گئی تھی،محکمے اپنے پرانے، نامکمل اورمنجمد کئے گئے منصوبوں کی نشاندہی کرنے کے پابند ہوں گے اور اس ضمن اپنی رپورٹ جلد از جلد محکمہ منصوبہ بندی کو ارسال کرینگے اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بجٹ کا حتمی مسودہ کابینہ کے اراکین کو بروقت فراہم کرنے اور تمام محکموں کے سیکریٹریوں کو محکمہ کے مجوزہ غیر ترقیاتی بجٹ سے متعلق محکمہ کے وزیر کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں