پیپلز پارٹی کو دھاندلی کی تاریخ دہرانے پر تاریخی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا،جماعت اسلامی
لاہور (صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ کہ پیپلز پارٹی کو دھاندلی کی تاریخ دہرانے پر تاریخی نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ، کراچی میئر کے لئے جماعت اسلامی کے نامزدکردہ امیدوار حافظ نعیم الرحمان کی طرف سے اکثریت شو کرنے کے بعد اقلیتی جماعت دھونس اور پولیس گردی پر اتر آئی ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو دھاندلی کی تاریخ دہرانے پر تاریخی نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ تین گنا زیادہ ووٹ لینے والی پارٹی کے خلاف پیپلز پارٹی کی سازشوں کو روکنے کے لیے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک گیر مظاہروں کی اپیل کردی ہے۔ جماعت اسلامی آج (اتوار کو) ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ امیر جماعت کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت قومی اداروں کو سوچنا چاہیے کہ کراچی میں جاری دھونس اور دھاندلی سے نہ صرف جمہوریت شرمندہ ہو رہی ہے بلکہ آنے والے قومی انتخابات کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔


