مفروضوں پر مشتمل بجٹ میں سود کیخلاف کوئی اقدام نظر نہیں آیا، سینیٹر مشتاق احمد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہا ہے کہ مفروضوں پر مشتمل بجٹ میں سود کے خلاف حکومت کا کوئی اقدام نظر نہیں آیا،ملک میں سود کا خاتمہ کیا جائے،سول سروس اور پولیس ریفارمز کی جائیں،مزدور کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر مملکت فنانس نے بتایا کہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی شرائط پوری کردی گئیں۔یہ دراصل آئی ایم ایف کا سودی بجٹ ہے۔ اس بجٹ میں سود کے خلاف کوئی اقدام نظر نہیں آرہا۔ پیش کردہ بجٹ مفروضوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ قرضے کون لے رہا ہے؟ اس پر کمیشن بنایا جائے۔ اس وقت ملک سری لنکا سے زیادہ ڈیفالٹ اور بے انتہا مہنگائی ہے۔ میں ایف بی آر کو فراڈ بی آر کہتا ہوں ۔ مجھے نہیں لگتا کہ معیشت پٹڑی پر چڑھے گی۔سینیٹر مشتاق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں خیبرپختون خوا کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں سود کا خاتمہ کیا جائے۔ سول سروس اور پولیس ریفارمز کی جائیں۔ مزدور کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔


