شہباز شریف کا رواں ماہ وطن واپسی کا ارادہ ہے، رانا ثناء اللہ
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا مارچ کے مہینے میں وطن واپسی کا ارادہ ہے، نوازشریف کے دل کے آپریشن کے فوراً بعد واپس آ جائینگے،(ن)لیگ نے کسی قومی حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، قومی حکومت کی بجائے مڈ ٹرم انتخابات چاہتے ہیں،مسلم لیگ ن احتجاج کے لیے ہر فورم کا انتخاب کرے گی۔ وہ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے با ت چیت کررہے تھے۔ صحافی نے سوال کیا کہ چار مارچ کو نواز شریف کی امریکی اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات سے متعلق کیا کہتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے جواب دیاکہ میں ان ملاقاتوں کی تردید نہیں کروں گا،میں اس پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں اس لیے نہیں کہ پارٹی کی طرف سے اجازت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کا مارچ کے مہینے میں وطن واپسی کا ارادہ ہے، نوازشریف کے دل کے آپریشن کے بعد فوری وطن واپس آجائیں۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے کسی قومی حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ن قومی حکومت کی بجائے مڈ ٹرم انتخابات چاہتی ہے، مسلم لیگ ن احتجاج کے لیے ہر فورم کا انتخاب کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے قانونی ٹیم کی مشاورت جاری ہے۔