باغی گروپ ویگنرسے معاملات طے، روس کا پریگوژن کیخلاف فوجداری مقدمہ خارج کر نے کا اعلان
ماسکو /واشنگٹن(صباح نیوز)باغی گروپ ویگنر اور روس کے درمیان معاملات طے پاگئے،کریملن کا کہنا ہے کہ ویگنرگروپ کے سربراہ یووگنی پریگوژن کے خلاف فوجداری مقدمہ خارج کردیا جائے گا۔ کریملن کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ روس ویگنرگروپ فورس کے ارکان کے خلاف قانون کارروائی نہیں کرے گا،ویگنرگروپ کے ساتھ ثالثی کرانے پربیلاروس رہنما کے شکرگزارہیں۔ روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویگنرگروپ کے ساتھ معاہدہ خونریزی سے بچنے کیلئے کیاگیا،گروپ کے سربراہ بیلا روس جبکہ فوجی واپس یوکرین چلے جائیں گے۔ دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس کو روس کی تازہ صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا۔ صدربائیڈن نے فرانسیسی، برطانوی اور جرمن سربراہان سے روس کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روزویگنرگروپ نے روسی فوجی قیادت کیخلاف بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے روسی وزارت دفاع کا رخ کرلیا تھا۔ ویگنرگروپ نے اپنے ہراول دستے میں شامل اہلکاروں کو روسی طیاروں کی جانب سے مبینہ نشانہ بنائے جانے پرعلم بغاوت بلند کردیا اور آخری حد تک جانے کا اعلان کیا تھا۔صورتحال سے نمٹنے کیلئے ماسکو کی سڑکوں پر ٹینک آگئے۔روسی وزیردفاع نے ویگنرگروپ کے سربراہ کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے تھے۔


