جنوبی افریقا کے ایک گاؤں میں پر اسرار طور پر خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد ہلاک
جوہانسبرگ(مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی افریقا کی ایک کچی آبادی میں پر خواتین اور بچوں سمیت 16افراد پر اسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے دارالحکومت جوہانسبرگ کی ایک کچی آبادی میں رات کو گھروں میں سونے والے صبح مردہ حالت میں پائے گئے۔ اب تک 16افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔پراسرار طور پر ہلاک ہونے والوں میں 5خواتین اور 3بچے بھی شامل ہیں جبکہ ریسکیو ادارے کی طبی ٹیم 15سے زائد افراد کی جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئی جن میں سے 11کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔یہ علاقہ کوئلے کی غیر قانونی کانوں کی آماج گاہ ہے۔ یہاں کے رہائشی کان کن کوئلہ سمیت دیگر معدنیات کے حصول کے لیے بند کی گئیں پرانی کانوں کی دوبارہ کھدائی کرتے ہیں جو غیر قانونی اور خطرناک عمل ہے۔ہلاک ہونے والے کان کن اور ان کے اہل خانہ ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پراسرار ہلاکتیں زہریلی گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ ریسکیو ٹیم کے انچارج نے بتایا کہ رات گئے اس علاقے میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس پر ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ دھماکا گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوا۔یاد رہے کہ اسی مضافاتی علاقے میں گزشتہ برس کرسمس پر ایک بڑے گیس ٹینکر پل کے نیچے پھنس گیا تھا جس کی وجہ سے خوفناک دھماکا ہوا اور درجنوں گاڑیاں تباہ اور 41افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


