وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت باپ بھی مرکز سے ناراض

کوئٹہ:وفاقی حکومت کے اہم اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی بھی وفاق سے ناراض،فیڈرل پی ایس ڈی پی میں بلو چستان کیلئے فنڈز نہ رکھنے پر بجٹ کی منظوری کیلئے ووٹ نہ دینے کا عندیہ دیدیا ہے،بلوچستان نیشنل پارٹی بھی اپنی ناراضگی کااظہار کرچکی ہے جبکہ وفاق کی اتحادی جماعتوں سے مذاکراتی کمیٹی بھی غیر فعال ہیں۔گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کا پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں پارٹی کے پارلیمانی ممبران نے شرکت کی اجلاس میں وفاقی بجٹ سمیت بلوچستان سے متعلق مسائل زیر غور لائے گئے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ اگر وفاقی بجٹ میں بلوچستان کیلئے مناسب ترقیاتی فنڈز نہ رکھے گئے تو بی اے پی وفاقی بجٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ نہیں دیگی انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ کئی سالوں سے بلوچستان کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں مناسب حصہ نہیں دیا جارہا جس پرمجبوراً ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہیں اور احتجاجاً حصہ نہ ملنے کیخلاف وفاقی بجٹ کی منظوری میں حکومت کا ساتھ نہیں دینگے ہمیں امید ہے کہ وفاق بلوچستان کیلئے ترقیاتی فنڈز مختص کریگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پا رٹی بھی وفاقی پی ایس ڈی پی اوربلوچستان سے متعلق اعتماد میں نہ لینے پر اپنی ناراضگی کااظہار کرچکی ہے۔وفاق کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی جس کے سربراہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک تھے بھی غیرفعال نظرآرہی ہے،دونوں سیاسی جماعتوں بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پار ٹی کی ناراضگی دور کرنے کے حوالے سے مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہواہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں