چینی کمپنی نے افغانستان میں پہلے کنویں سے تیل نکالنے کا آغاز کردیا
کابل (این این آئی) افغانستان میں چینی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی بنیاد پر پہلے کنویں سے تیل نکالنے کا آغاز ہوگیا ہے۔ چینی ماہرین کی موجودگی میں افغانستان کے وزیر معدینیات و پٹرولیم شیخ شہاب الدین دلاور نے صوبہ سرپل کے مقامی حکام کی موجودگی میں قشقری تیل کے پہلے کنویں سے تیل نکالنے کا افتتاح کیا۔ وزیر معدینیات و پٹرولیم نے تیل کے کنویں کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ سرپل آئل منصوبہ ملک کے اہم اقتصادی وسائل میں سے ایک ہے، اس منصوبے کا تیل ملک کی آبادی کے لیے استعمال کیا جائےگا اس منصوبے میں ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل ملازمین کی بھرتی میں افغان شہریوں کو روز گار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی آمدنی سے صوبہ سرپل کی تعمیر نو کو ترجیح دی جائے گی۔ افغان حکومت نے اس سال جنوری میں چینی کمپنی سی پی ای آئی سی کے ساتھ تیل نکالنے کے معاہدے دستخط کیے تھے۔معاہدہ کے مطابق تین شمالی صوبوں سری پل ، جوزجان، اور فاریاب میں 4500 مربع کلومیٹر کے رقبے سے تیل اور گیس کی تلاش اور نکالا جائے گا۔ یہ دریائے آمو کے طاس کا علاقہ ہے۔معاہدے کے تحت افغان حکومت اس سرمایہ کاری میں 20 فی صد کی حصے دار ہو گی اور چینی کمپنی تین برسوں میں کل 54 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی،افغان حکومت کے ترجمان کے مطابق چینی کمپنی معاہدے کے تحت افغانستان میں سالانہ 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کے زیر انتظام انتظامیہ کی اس منصوبے میں 20 فیصد شراکت داری ہوگی، جسے بڑھا کر 75 فیصد کیا جا سکتا ہے۔تقریباً دو سال پہلے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بین الاقوامی کمپنی کے ساتھ یہ افغان حکومت کا پہلا بڑا معاہدہ ہے۔


