بلوچستان میں غیر سیاسی لوگوں کو نوازا جاتا ہے، پیپلز پارٹی کو مفاد پرست اور ان پڑھ لوگ چلا رہے ہیں، عثمان ایڈووکیٹ
کوئٹہ (این این آئی) سابق رکن قومی اسمبلی محمد عثمان ایڈووکیٹ نے پیپلز پارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کی ممبر شپ اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں راتوں رات ایسے لوگوں کو ایم پی اےز اور بڑے عہدوں پر فائز کیا گیا جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، جس سے سیاسی خلاءاور معاشرے میں انارکی پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو بلوچستان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی وہ مسائل کے حل کے لیے کوئی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری کی وجہ سے نواجونوں میں بے چینی پائی جاتی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو مرکزی اور صوبائی سطح پر چند مفاد پرست اور ان پڑھ لوگ چلا رہے ہیں، جس سے پارٹی منشور متاثرہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ میں حالات مزید خراب ہوئے تو بڑے نقصانات برداشت کرنا ہوں گے۔


