مسلمان کیلئے ناامیدی کفر ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، جنرل عاصم منیر
اسلام آباد (انتخاب نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے لیے ناامیدی کفر ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ اسلام آباد میں گرین پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سرسبز کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، پاکستان کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ سربراہ فوج کا کہنا تھا اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں، مسلمانوں کے لیے دو ہی حالتیں ہیں، جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے، جب خوشی ملتی ہے تو شکر ادا کرتا ہے، مسلمان کے لیے نا امیدی کفر ہے۔ جنرل عاصم منیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کوعروج پر لے جاسکتی ہے۔


