دبئی میں ہوئی مشاورت میں مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ترجمان پی ڈی ایم

اسلام آباد(صباح نیوز)پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ دبئی میں ہونے والی مشاورت میں مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور حکمران اتحاد انتخابی اتحاد نہیں،ہر جماعت علیحدہ علیحدہ الیکشن لڑے گی، البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں، انہیں کیوں مشاورت سے دور رکھا گیا؟ انہیں کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ ۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آئینی طور پر الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اسمبلیوں کی مدت 12 اور 13 اگست کو ختم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی وقت سے پہلے توڑ دی جاتی ہے تو الیکشن 90 روز کے اندر ہو گا، اگر اسمبلی وقت پر ختم ہوتی ہے تو 60 روز کے اندر الیکشن ہو گا۔پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ الیکشن کرانا پی ڈی ایم کی ذمہ داری نہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم مقررہ وقت پر الیکشن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور حکمران اتحاد انتخابی اتحاد نہیں، ہر پارٹی اپنی کارکردگی کے مطابق الیکشن میں جائے گی۔پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ہر جماعت علیحدہ علیحدہ الیکشن لڑے گی، البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں